حیدرآباد۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) سنکرانتی تہوار کے موقع پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ عالمی سطح پر کشیدگی اور اس امید کے باعث کہ امریکی فیڈرل ریزرو مستقبل قریب میں شرح سود میں کمی کرسکتا ہے قیمتی دھاتوں کی قیمتیں نئی تاریخی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں۔ تلگو ریاستوں کے بڑے شہروں میں 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں 1090 روپے کا اضافہ درج کیا گیا ہے جس کے بعد قیمت بڑھ کر 1,43,620 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 1000 روپے بڑھ کر 1,34,650 روپے ہوگئی ہے۔ چاندی کی قیمت میں بھی ایک ہی دن میں ایک کیلو 15,000 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی کیلو چاندی کی قیمت 3,07,000 روپے ہوگئی اور چاندی کی قیمت بھی آل ٹائم ہائی سطح پر پہنچ گئی۔ قابل ذکر ہے کہ یکم جنوری کو چاندی کی قیمت 2,56,000 فی کیلو تھی تاہم صرف دو ہفتوں کے دوران اس میں 51 ہزار روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا اثر دیگر اشیائے ضروریہ پر بھی پڑ رہا ہے جس کے نتیجہ میں مہنگائی میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔ صارفین روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی قیمتوں کا سامنا کررہے ہیں جس سے عام آدمی پر مالی بوجھ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ 2