ڈیوٹی کم کرنے کا فیصلہ، صرافہ بازار میں حکومت کے اقدام کی ستائش
حیدرآباد: بجٹ 2021-21 میں مرکزی حکومت کی جانب سے سونے اور چاندی پر عائد کی جانے والی ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کے اس فیصلہ سے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جائے گی ۔ مجموعی اعتبار سے اگر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ مرکزی حکومت کے اس فیصلہ سے سونے اور چاندی کی قیمتو ںمیں 2.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی جائے گی جبکہ حکومت نے بجٹ میں جو اعلان کیا ہے اس کے مطابق سونے پر عائد کی جانے والی ڈیوٹی میں 7.5کی کمی اور چاندی پر عائد کی جانے والی ڈیوٹی میں 12.5 فیصد کی کمی کا فیصلہ کیا گیا لیکن سونے اور چاندی کی قیمت میں کمی کے بعد جو قیمت ادا کی جائے گی اس پر 2.5 فیصد زرعی سیس ادا کرنا ہوگا جو کہ حکومت کی جانب سے روشناس کروایا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کے بجٹ میں سونے ‘ چاندی جیسی قیمتی دھاتوں پرعائد کی جانے والی ڈیوٹی میں کمی کے ذریعہ حکومت نے سونے کی اسمگلنگ پر قابو پانے کی کوشش کی ہے اور صرافہ بازار میں حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے لیکن حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ سے سرکاری خزانوں پر عائد ہونے والے بوجھ اور کی جانے والی چوری پر کچھ حد تک قابو پایا جاسکتا ہے لیکن عام آدمی کو اس کا کوئی خاص فائدہ حاصل ہونے کے امکان نہیں ہیں سونے کی قیمت میں ڈیوٹی میں کی جانے والی کمی اور زرعی سیس عائد کئے جانے کے بعد 1200 روپئے فی تولہ کمی ریکارڈ کی جائے گی جبکہ چاندی کی قیمت میں 1750 روپئے فی کیلو کمی ریکارڈ کی جائے گی۔