سونے اور چاندی کی قیمتیں 10 دن میں 10 ہزار اور 30 ہزار روپئے کا اضافہ

   

شادیوں کے سیزن میں سونا پھر مہنگا، خریداروں کو بڑا جھٹکا
حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) شادیوں اور دیگر مبارک مواقع کے آغاز کے ساتھ ہی سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو خریداروں کیلئے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ گزشتہ 10 دنوں میں صرف ایک بار معمولی کمی دیکھی گئی جبکہ بیشتر دنوں میں قیمتوں میں اضافہ ہی ریکارڈ ہوا ہے۔ ہفتہ کے دن سونے اور چاندی کی قیمتوں نے خریداروں کو ایک اور جھٹکا دیا ہے۔ 24 قیراط سونا (10 گرام) 3,160 روپئے کے اضافہ کے ساتھ 164,730 روپئے تک پہنچ گیا۔ 22 قیراط سونا (10 گرام) 2,900 روپئے اضافے کے ساتھ 1,51,000 روپئے تک پہنچ گیا۔ 19 فبروری سے اب تک 10 گرام سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 9,650 روپئے سے 10,530 روپئے تک اضافہ دیکھا گیا ہے جو شادیوں کیلئے زیورات خریدنے والوں پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہا ہے۔ دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ گزشتہ 10 دنوں سے ایک کیلو چاندی کی قیمت تقریباً 3,00,000 لاکھ روپئے کی سطح کے آس پاس گھوم رہی ہے۔ 19 فبروری کو چاندی 2,70,000 روپئے تک پہنچی تھی جبکہ ہفتہ کو ایک کیلو چاندی کی قیمت میں 5000 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ مارکٹ میں ماہرین کا کہنا ہیکہ عالمی منڈی کے رجحانات سرمایہ کاروں کے فیصلے اور معاشی غیریقینی صورتحال کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آئدہ دنوں میں بھی اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔2