گزشتہ تین ماہ میں 15,200 روپئے کا اضافہ ، قیمتی دھات کی قیمت میں مزید اضافہ کا اندیشہ
حیدرآباد۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) سونے کی قیمتیں دن بہ دن آسمان چھو رہی ہیں۔ ملک میں ایک دن میں سونے کی قیمت میں 2,000 روپئے کے اضافہ کے ساتھ آل ٹائم ریکارڈ قائم ہوگیاہے۔ 24 کیارٹ 10 گرام سونے کی قیمت ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فی تولہ 94,150 روپئے کی اعظم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ تین مہینوں کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 15,200 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ بلین مارکٹ میں سونے کی قیمتوں میں اُچھال کا سلسلہ جاری ہے۔ سونے کی قیمتیں پہلے ہی عام اور متوسط طبقہ کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ اسی تناظر میں یہ منگل کو ایک اور بلندی پر پہنچ گئی ۔ دو مہینوں کے بعد سونے کی قیمت میں اس قدر اضافہ نظر آیا۔ 10 فروری کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 2,400 روپئے کا اضافہ ہوا تھا، اس کے بعد اس قیمتی دھات کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ 31 ڈسمبر کو 24 کیارٹ سونے کی قیمت 78,950 روپئے تھی۔ حیدرآباد میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔ 24 کیارٹ سونے کی قیمت فی تولہ 930 روپئے کے اضافہ کے ساتھ 92,840 روپئے رہی جبکہ 22 کیارٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 850 روپئے اضافہ کے ساتھ فی تولہ سونے کی قیمت 85,100 روپئے ہے۔ مارکٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے اسٹاک مارکٹ گر رہی ہیں، سرمایہ کار، سرمایہ کاری کے متبادل کے طور پر سونے کی طرف راغب ہورہے ہیں، اس سے سونے کی قیمتوں کا رجحان تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ اس دوران دہلی میں چاندی کی قیمت میں 500 روپئے فی کیلو معمولی کمی آئی ہے۔ فی کیلو چاندی ایک لاکھ 2,500 روپئے تک پہنچ چکی ہے۔ سونے کی قیمتوں میں اضافہ کی وجوہات یہ بتائی جارہی ہے کہ اسٹاک ہولڈرس اور جیویلرس کی مانگ میں اضافہ ، سرمایہ کاروں کی اِس قیمتی دھات کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ اور سیاسی صورتحال بھی ایک وجہ سمجھی جارہی ہے۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف میں اضافہ اور اسٹاک مارکٹ میں نقصانات کے سبب بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔ 2