حیدرآباد۔ 22 اکتوبر (سیاست نیوز) گزشتہ چند ہفتوں سے آسمان کو چھونے والی سونے کی قیمت میں آج اچانک بھاری کمی آئی ۔ شہر حیدرآباد میں چہارشنبہ کی شام 5 بجے 24 کیرٹ کا خالص سونا 9 ہزار روپے کی کمی کے ساتھ فی تولہ 1,25,250 روپے تک پہنچ گیا۔ 22 کیرٹ سونے کی قیمت 1,14,843 روپے کا فی تولہ ہوگئی۔ دوسری طرف چاندی کی قیمتوں میں بھی زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک کیلو چاندی کی قیمت 7 ہزار روپے کی کمی کے ساتھ 1,58,000 روپے تک پہنچی۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران چاندی کی قیمت میں 28 ہزار روپے کی کمی آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق سونے اور چاندی کی قیمتوں میں حالیہ گراوٹ کی کئی وجوہات ہیں۔ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کیلئے کی جانے والی سونے کی فروخت (Profit Booking) امریکی ڈالر کی مضبوطی اور بین الاقوامی سطح پر کشیدگی میں معمولی کمی کی وجہ سے عالمی منڈی میں بھی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ ایک اونس سونا اب 4022 ڈالر تک گھٹ گیا جبکہ چاندی کی عالمی قیمت 47,84 فی اونس تک گر گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مستقبل میں سونے کی قیمت مزید گرسکتی ہے۔ 2