حیدرآباد۔ 22 اپریل (سیاست نیوز) سونے کی قیمت نے آج ایک مرتبہ پھر بلند ترین سطح پر پہنچتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آج سونے کی قیمت میں مزید 2 ہزار روپئے کا اضافہ ہوگیا جس کے ساتھ ہی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 2 ہزار روپئے ہوگئی۔ عالمی مارکٹ میں سونے کے ایک اونس 31.10 گرام کی قیمت 3,467 ڈالر تک پہنچ گئی۔ ملٹی کموڈٹی ایکسچینج میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی ایک لاکھ روپئے سے تجاوز کرگئی۔ اس کی قیمت میں مسلسل چوتھے تجارتی سیشن میں اضافہ ہوا ہے۔ قیمتی دھات کی مارکٹ کے ماہرین کے مطابق اپریل کے اواخر میں کسی حد تک قیمت میں کمی آسکتی ہے۔ امریکہ دوسرے ممالک کے ساتھ ٹیرف پر تجارتی معاہدے کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ دوسری جانب چین کے ساتھ جاری تنازعہ بھی سونے کی قیمت میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین سمیت دنیا بھر کے سنٹرل بینک بڑی مقدار میں سونا خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے سونے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔2