دبئی ۔ ہالی ووڈ کی آنے والی سائنس فکشن سوپر ہیرو فلم سوپر مین کا ٹیزر تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا اور سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ شیئر کیا جانے والا ٹریلر بن گیا۔ فلم پروڈکشن وارنر برادرز اور ڈی سی کی جانب سے تیارکی گئی نئی فلم کا ٹیزر 21 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔ فلم کے ہدایت کار جیمز گن نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں سوپر مین کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں بتایا کہ ان کی فلم کے ٹریلرکو صرف 24 گھنٹے میں 25 کروڑ بار دیکھا گیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ سوپر مین کا ٹیزر ڈی سی اور وارنر برادرز کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹریلر بن گیا۔ ان کے مطابق جہاں ٹیزرکو ریکارڈ بار دیکھا گیا، وہیں سوشل میڈیا پر مجموعی طور پر اس کی 10 لاکھ پوسٹس بھی شیئرکی گئیں جو کہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ جیمزگن نے ٹریلرکے ریکارڈ پر شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب مداحوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ سوپر مین کی فلم کو جولائی 2025 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس بار فلم میں سوپر مین کا کردار ڈیوڈکورنسویٹ ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ فلم میں دیگر سائنس فکشن کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے اور اس بار سوپر مین یعنی کلرک کینٹ نامی کردارکو مشکل وقت دینے کے لیے متعدد برے سوپر ولن بھی فلم کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ فلم کے مختصر ٹیزر میں کلرک کینٹ کے کردار یعنی سوپر مین کو برفانی پہاڑوں پر زخمی حالت میں دکھانے سے ہوتا ہے، جہاں انہیں کا ساتھی سوپر ڈاگ وہاں سے لے جاتا ہے۔ اس بار فلم میں سوپر مین کے کردار کو اپنے گود لینے والے خیالی دنیا سمال ویل کے انسانی خاندان کے ساتھ اپنے آباو واجداد کی خیالی دنیا کرپٹونین کی تہذیب کو دریافت کرتے دکھائے جانے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ سوپر مین کا کردار افسانوی ہے، جسے 1930 میں کامک کتابوں میں شامل کیا گیا تھا، بعد ازاں اس پر امریکہ میں ڈرامے بنے، جس کے بعد1980 کی دہائی میں اس پر فلمیں بنائی جانے لگیں۔ اب تک سوپر مین کے کردارکو متعدد سائنس سوپر ہیرو فکشنل فلموں میں دکھایا جا چکا ہے جب کہ اس کے کردار پر متعدد تنہا فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں۔