برج ٹاؤن : ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے سوپر 8 مقابلہ میں ہندوستان نے آج افغانستان کو 47رنوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورس میں 8 وکٹ پر 181 رنز اسکور کئے۔ روہت شرما محض 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ویراٹ کوہلی 24 رنز ہی اسکور کرسکے۔ سوریہ کمار یادو نے 28 گیندوں میں شاندار 53 اور ہاردک پانڈیا نے 24 گیندوں میں 32 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو 181 رنز تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ افغانستان کی طرف سے فضل الحق فاروقی اور راشد خان نے 3 ۔ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 182 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ابتداء میں ہی لڑکھڑا گئی۔ 23 رنز کے اسکور پر اُس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ ہندوستانی بولرس کی شاندار کارکردگی کے باعث افغان کھلاڑی بہتر مظاہرہ نہیں کرسکے اور ساری ٹیم محض 134 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس طرح ٹیم انڈیا نے سوپر 8 کا اپنا پہلا میچ 47 رنوں سے جیت لیا۔ جسپریت بمرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورس میں محض 7 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عرش دیپ سنگھ نے بھی شاندار بولنگ کی اور تین وکٹ حاصل کئے۔