سوپور میں بی جے پی کی تانگہ ریلی کشمیر اب عسکریت اور علحدگی پسندوں کا کشمیر نہیں

   

سری نگر: شمالی کشمیر کے اپیل ٹاؤن سوپور میں چہارشنبہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک تانگہ ریلی کا اہتمام کیا جس میں کئی تانگوں نے شرکت کی۔تانگوں کو بی جے پی کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا اور اس ریلی میں پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اور کشمیر امور کے انچارج وبودھ گپتا نے بھی شرکت کی۔مسٹر گپتا نے ریلی کے آغاز سے قبل نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سوپور میں بی بے پی کی تانگہ ریلی کا اہتمام اپنے آپ میں ایک پیغام ہے ۔انہوں نے کہا: ‘سوپور، جسے چھوٹا لندن کہا جاتا ہے ، میں پچھلے کئی برسوں سے عسکریت پسندی اور علاحدگی پسندی پھیلی ہوئی تھی لیکن آج تانگہ ریلی نکال کر یہاں کے لوگوں نے یہ پیغام دیا کہ ہم وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہیں اور ان کے کشمیر وژن کے حامی ہیں’۔موصوف نے کہا کہ سوپور میں ایک بڑی فروٹ منڈی ہے جس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے لیکن اگر ہمارے ڈی ڈی سی انتخابات کے امیدوار کو کامیاب بنایا گیا تو ہم اس منڈی کو بین الاقوامی سطح کی منڈی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تانگے والوں کا بی جے پی کی انتخابی مہم چلانے کے لئے نکلنا اپنے آپ میں ایک پیغام ہے ۔