’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘سے 130 کروڑ ہندوستانیوں کا طرز زندگی تبدیل

   

Ferty9 Clinic

ابھیان نے اقوام متحدہ کے نشانوں اور مقاصد کی بھی تکمیل کی
گلوبل گول کیپر ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد مودی کی بل گیٹس اورملنڈا گیٹس سے ملاقات
نیویارک ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی کو ہندوستان میں سوچھ بھارت ابھیان کامیابی کے ساتھ انعقاد کرنے کے اعتراف کے طور پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے باوقار’’گلوبل گول کیپر‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جس کے بعد مودی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرائی کی اس مہم نے اقوام متحدہ کے نشانوں اور تقاضوں کی تکمیل کے لئے اہم رول ادا کیا ۔ ایک ایسے وقت جب مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش کی تقریبات منائی جارہی ہیں، اس ایوارڈ کو حاصل کرنا ان کے ( مودی ) لئے ایک خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ جب کسی ملک کے 130 کروڑ عوام کسی بات کا سنجیدگی سے عزم کرلیتے ہیں تو اس کی کامیابی کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا ۔ منگل کی شب کو ایک خصوصی تقریب میں انہوں نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کی کامیابی کا اعداد و شمار کے ذریعہ احاطہ نہیں کیا جاسکتا ۔ اس ابھیان نے نہ صرف ہندوستانی عوام کی طرز زندگی میں نمایاں تبدیلی پیدا کی بلکہ اقوام متحدہ نے جو نشانے مقرر کئے تھے ، ان کی تکمکیل میں بھی اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے سوچھ بھارت مشن کو کامیاب بنانے کیلئے ہندوستانی عوام کے تعاون کا بھی خصوصی تذکرہ کیا اور کہا کہ وہ اس ایوارڈ کو ہندوستانی عوام کے ساتھ شیئر کرتے ہیں کیونکہ ہندوستانی عوام نے اس ابھیان کو ایک عوامی تحریک میں تبدیل کیا ۔ حالیہ عرصہ میں کسی بھی ملک میں اس نوعیت کا کوئی پروگرام یا مہم منعقد نہیں کی گئی ۔ مودی نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کی لانچنگ حالانکہ حکومت نے کی تھی لیکن بعد ازاں اس ابھیان کو عوام نے مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا جس کے نتیجہ میں زائد از گیارہ کروڑ بیت الخلاؤں کی تعمیر اندرون پانچ سال مکمل کی گئی جو خود اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے ۔ مودی کے مطابق سوچھ بھارت ابھیان کا اگر سب سے زیادہ فائدہ کسی کو ہوا ہے تو وہ ملک کا غریب طبقہ اور خصوصی طور پر خو اتین ہیں۔ اگر کسی کو بیت الخلاء کی سہولت دستیاب نہ ہو تو اس سے کس مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، وہ صرف وہی جان سکتا ہے ۔ حصوصی طور پر خواتین کیلئے یہ ایک بیحد مشکل ، پیچیدہ اور شرمناک مسئلہ تھا ۔ ہندوستان میں جب ٹائلیٹ : ایک پریم کتھا کے نام سے بنائی گئی فلم نے کامیابی حاصل کی تو اس سے یہ بھی ثابت ہوگیا کہ سوچھ بھارت ابھیان بھی کامیاب ہوا ہے ۔ بیت الخلاء کی عدم دستیابی سے کئی نوجوان لڑکیوں کو اپنی تعلیم بھی ترک کرنی پڑی۔ یہ بات نہیں کہ ہمارے ملک کی بچیاں ذہین نہیں ہیں یا پڑھنا نہیں چاہتیں لیکن اسکولوں میں جب بیت الخلاء ہی نہ ہو تو وہ بھی کیا کریں۔ انہیں بالآخر تعلیم ترک کرنی پڑی۔ مودی نے اس پروگرام کے بعد بل گیٹس اور ملنڈا گیٹس سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا۔