سوچھ سرویکشنا میں تلنگانہ کو جملہ 13 مرکزی ایوارڈس

   


صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دہلی میں ایوارڈز پیش کئے، نظام آباد، جگتیال اور کتہ گوڑم کو نمایاں مقام

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوچھ سرویکشنا ایوارڈ تلنگانہ ریاست کو پیش کیا ہے۔ دیہی علاقوں کی ترقی اور سوچھ سرویکشنا یعنی صحت و صفائی کے انتظامات میں تلنگانہ کو ملک میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے جبکہ سوچھ سرویکشنا کے مختلف زمرہ جات میں تلنگانہ کو 13 ایوارڈس حاصل ہوئے۔ گاندھی جینتی کے موقع پر نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت نے پرنسپل سکریٹری پنچایت راج تلنگانہ سندیپ کما رسلطانیہ اور ڈائرکٹر پنچایت راج و دیہی ترقی ایم ہنمنت راؤ کو ایوارڈز حوالے کئے۔ سوچھ بھارت گرامینا مشن کے تحت حال ہی میں مرکزی حکومت نے ایوارڈس کا اعلان کیا ہے۔ تلکنگانہ کے حق میں جملہ 13 ایوارڈز آئے۔ سوچھ سرویکشنا گرامینا کے زمرہ میں تلنگانہ ملک میں نمبر ون رہا۔ اضلاع میں جگتیال اور نظام آباد کو دوسرا اور تیسرا مقام حاصل ہوا ۔ ایس ایس جی ساؤتھ زون رینکنگ میں نظام آباد، کتہ گوڑم کو دوسرا اور تیسرا ایوارڈ حاصل ہوا۔ سوچھ سرویکشنا گرامینا رینکنگ کے علاوہ وال پینٹنگ مقابلوں، پلاسٹک کے استعمال پر پابندی، ڈرینج کے پانی کے بہاؤ پر روک لگانا، کھلے عام رفع حاجت کو روکنا جیسے زمرہ جات میں تلنگانہ کو ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ر