سوچھ سرویکشن 2024 میں تلنگانہ کے گریٹر ورنگل کو 84واں مقام

   

حیدرآباد۔15جولائی (یو این آئی) سوچھ سرویکشن 2024 کی درجہ بندی میں تلنگانہ کے گریٹر ورنگل شہر نے 84واں رینک حاصل کیا ہے ۔ ایک لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں کے زمرہ میں گریٹر ورنگل کو یہ مقام حاصل ہواجو کہ گزشتہ سال کے 101ویں رینک کے مقابلے میں واضح بہتری کی علامت ہے ۔
سرویکشن ٹیم نے گریٹر ورنگل میں صفائی کے نظام، ٹھوس فضلہ کی نکاسی، کوڑے کی پروسیسنگ، گندے پانی کی صفائی اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس جائزہ کے دوران گریٹر ورنگل کو جملہ 7500 میں سے 4672 مارکس حاصل ہوئے ۔بلدیہ حکام کے مطابق، سوچھ سرویکشن 2024 کے سرکاری نتائج کا اعلان 17 جولائی کو دہلی میں کیا جائے گا۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن نے بہتر کارکردگی کے لیے اپنے صفائی منصوبوں اور موثر نفاذ کو اس کامیابی کا سبب قرار دیا ہے ۔