حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ نے 34 سالہ سوڈانی شہری محمد یعقوب محمد علی کو NDPS ایکٹ کے تحت منشیات سے متعلق جرائم میں مسلسل ملوث رہنے پر اتوار کو ملک بدر کردیا۔ حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ نے بتایا کہ محمد علی 2012ء میں پہلی مرتبہ عثمانیہ یونیورسٹی میں بی سی اے کورس کرنے کیلئے آیا اور اس نے اپنی تعلیم ترک کرتے ہوئے منشیات فروخت کرنے والوں کے ساتھ وابستہ ہوگیا اور 2018ء میں کشائی گوڑہ پولیس نے اسے گانجہ کی کاشت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد راجندر نگر پولیس نے بھی اسے چرس اور ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا۔ اس کے بعد وہ مسلسل اسمگلنگ کو جاری رکھے ہوئے تھا۔ اکٹوبر 2024ء میں حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ نے اسے دوسرے سوڈانی شہری جو ٹولی چوکی کا رہنے والا تھا دونوں کے قبضہ سے MDMA پایا گیا۔ حیدرآباد اور سوڈان ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر ہنگامی سفری دستاویزات اور اگزٹ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد اسے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی ایرپورٹ لیجایا گیا اور وہاں سے اُسے ملک بدر کردیا گیا۔ حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی منشیات خرید و فروخت کرتا ہے تو اس کی اطلاع دیں۔ ہندوستان میں غیر ملکی جو تعلیم حاصل کرنے کے لئے آکر یہاں منشیات کی اسمگلنگ کررہے ہیں ایسے افراد سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی اور منشیات کی اطلاع دینی ہو تو وہ ہیلپ لائن نمبر 871-266-1601 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔(ش)