سوڈانی فوج اور نیم فوجی دستوں میں لڑائی، درجنوں ہلاکتیں

,

   

l شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
l سڑکوں پر ٹینکوں کے گشت
l سعودی مسافر طیارہ بھی فائرنگ کی زد میں
l صدارتی محل اور ایرپورٹ فوج کے کنٹرول میں
خرطوم : سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے مابین لڑائی کے دوران درجنوں فوجی، نیم فوجی اور عام شہری ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ فوج نے ملک پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش میں نیم فوجی فورسز کے اڈوں پر فضائی حملہ کیے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ملکی دارالحکومت خرطوم کے شمالی اور جنوبی مضافاتی علاقوں میں زور دار دھماکوں اور شدید فائرنگ سے عمارتیں لرز اٹھیں۔ سڑکوں پر ٹینک گشت کر رہے تھے اور لڑاکا طیارے فضا میں پرواز کر رہے تھے۔ سوڈان کی بری فوج نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ لڑائی کے دونوں فریق ہوائی اڈوں اور اہم سرکاری تنصیبات پر قبضے کے دعوے کر رہے ہیں۔ سوڈانی ڈاکٹروں کی تنظیم نے ملکی فوج اور پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مابین جھڑپوں میں کم ازکم چھپن افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس تنظیم کے مطابق ہفتہ کی صبح شروع ہونے والی جھڑپوں میں اب تک تقریبآ چھ سو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان میں سے درجنوں زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کی مرکزی کمیٹی نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عام شہریوں کی جانیں بچائی جا سکیں اور زخمیوں کو بلاتاخیر فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ گزشتہ روز سوڈانی فوج اور پیراملٹری فورس کے اہلکاروں کے مابین لڑائی شروع ہونے کے بعد یہ تنازعہ محض چند گھنٹوں کے اندر اندر ایک ریاستی بحران میں بدل گیا۔ اطلاعات کے مطابق سوڈانی ایئر فورس نے ملکی دارالحکومت خرطوم میں آر ایس ایف کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ سوڈان میں آرمی اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران سعودی ایئرلائن کا طیارہ بھی فائرنگ کی زد میں آگیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایئرلائن نے مسافروں، جہاز کے عملے اور ایئرپورٹ پر موجود اپنے اسٹاف کو سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں قائم سعودی سفارتخانے منتقل کیا۔ سعودی ایئرلائن نے سوڈان کیلئے پروازیں تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ آج سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ سوڈانی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ صدارتی محل، فوجی ہیڈکوارٹر اور ایئرپورٹ فوج کے کنٹرول میں ہے۔ سوڈان میں پیراملٹری فورسز کی بغاوت کی کوشش اور تازہ ترین صورتحال پر خلیجی میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوڈانی آرمی چیف عبدالفتح البرہان کا کہنا ہے کہ سوڈان کے صدارتی محل، فوجی ہیڈکوارٹرز اور ایئرپورٹ پر فوج کا کنٹرول ہے۔ اس سے پہلے خلیجی میڈیا پر ہی پیراملٹری فورسز کے کمانڈر صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور خرطوم ایئرپورٹ پر قبضے کادعویٰ کیا تھا۔