خرطوم : سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور دارفور کے علاقوں میں 15 اپریل سے جاری ا?پسی لڑائی میں ہلاک ہونے والے 180 افراد کی لاشوں کو مجبورا بغیر شناخت کے دفنا دیا گیاہے۔اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق سوڈان میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم ہلال احمر نے گذشتہ روز جمعہ کو بتایا ہے کہ متحارب جرنیلوں کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے یہ عمل جاری ہے۔ہلال احمر نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہمارے رضاکاروں نے 102 نامعلوم نعشوں کو دارالحکومت کے الشگلاب قبرستان میں اور 78 مزید لاشوں کو دارفور کے قبرستانوں میں دفن کیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحارب رہنماؤں آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد ہمدان ڈگلو نے شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر گزرگاہوں کو باقاعدہ محفوظ رکھنے کا کئی بار عہد کیا ہے۔عالمی رضاکار تنظیم ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کی حمایت سے یہاں خدمات انجام دینے والی تنظیم ہلال احمر کے رضاکاروں نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی رکاوٹوں کے باعث سڑکوں پر سے میتیں اٹھانا مشکل ہو رہاہے۔