سوڈان سے انخلا کی سعودی کوششوں کی ستائش

   

امسال پہلی بار حج آپریشن سعودی عرب کے 6 شہروں سے ہوگا
ریاض : (کے این واصف) : سعودی عرب کی دعوت پر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سوڈان کے حالات پر غور کیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق او آئی سی کے سربراہ حسین ابراہیم طہ نے یقین دلایا ہے کہ او آئی سی سوڈان میں جنگ کے خاتمہ کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’اجلاس کے شرکا کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے آو آئی سی کا وفد سوڈان کا دورہ کرے گا تاہم اس کے لیے مناسب وقت کا تعین کیا جائے گا۔ حسین ابراہیم طہ نے سوڈان میں خانہ جنگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’سوڈانی عوام کو سول حکومت کی تشکیل کی توقع تھی۔ او آئی سی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’ہمیں اس بات کا بھی افسوس ہے کہ متحارب گروپوں نے غیرملکیوں کے انخلا اور زخمیوں کے علاج کے لیے جنگ بندی کے معاہدہ کی پابندی نہیں کی۔ حسین ابراہیم طہ نے سوڈان سے غیرملکیوں کے انخلا کی سعودی کوششوں کو سراہا ہے۔ بعد ازاں او آئی سی سعودی عرب کے مندوب ڈاکٹر صالح بن حمد السحیبانی نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی ہے کہ اوآئی سی کا یہ اجلاس نتیجہ خیز ہو تاکہ سوڈان میں جنگ بندی ہو سکے۔ حجاج کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لئے سعودی ایئر نے نئی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ سعودیہ ایئر میں امور حج وعمرہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر آل خشیل نے کہا ہے کہ ’رواں سال پہلی بار سعودی عرب کے 6 ہوائی اڈوں پر حج آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ عاجل ویب سائٹ کے مطابق آل خشیل نے سعودی ٹی وی چینل ’الاخباریہ‘ کوانٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس سے قبل حج آپریشن صرف جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک محدود تھا۔ رواں سال پہلی بارحج آپریشن کیلئے مزید چارشہروں کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں عازمین حج کو پروازوں کی آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انھون نے مزید کہا کہ رواں سال حج آپریشن کے لیے پہلی بار طائف، ینبع، ریاض اور دمام کے ہوائی اڈوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جہاں حج پروازوں کی آمدورفت ہوگی۔