سوڈان سے ہزاروں افراد ایتھوپیا میں داخل

   

عدیس ابابا: شمال مشرقی افریقی ملک سوڈان میں جاری تنازعہ کی وجہ سے 78,598 افراد پناہ کے لیے ایتھوپیا میں داخل ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے ) نے یہ اطلاع دی ہے ۔ او سی ایچ اے کے اعداد و شمار کے مطابق 29 اگست تک تنازعات سے متاثرہ سوڈان سے پڑوسی ملک ایتھوپیا آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد 78,598 تک پہنچ گئی ہے ۔ سرحد عبور کرنے والے کل افراد میں سے تقریباً 46 فیصد ایتھوپیا کے شہری ہیں، 34 فیصد سوڈانی شہری ہیں جبکہ باقی 20 فیصد تیسرے ملک کے شہری ہیں۔ او سی ایچ اے نے کہا کہ سرحد عبور کرنے کا یہ سلسلہ سوڈان میں تنازعہ کے آغاز کے بعد خاص طور پر میٹیما اور کرمک ایتھوپیا۔سوڈان سرحدی داخلی راستوں سے 21 اپریل کو شروع ہوئیں۔ واضح رہے کہ 15 اپریل سے خرطوم اور سوڈان کے دیگر علاقوں میں ملکی مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

جنوبی افریقہ کے رہنما بوتھلیزی چل بسے
کیپ ٹاؤن : جنوبی افریقہ کے ممتاز سیاست دان اور زولو چیف منگوسوتھو بوتھلیزی 95 سال کی عمر میں چل بسے ۔ بوتھلیزی نے نسل پرست حکومت کے دوران افریقی نیشنل کانگریس (اے این سی) سے مایوس ہونے کے بعد زولو انکتھا پارٹی کی بنیاد رکھی۔
قابل ذکر ہے کہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں دونوں جماعتوں کے حامیوں کے درمیان تصادموں میں ہزاروں افراد مارے گئے تھے ۔ مسٹر بوتھلیزی نے اس وقت کے صدر نیلسن منڈیلا کے دور میں وزیر داخلہ کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔