سوڈان سے 360 ہندوستانیوں کا پہلا قافلہ دہلی پہنچا

   

نئی دہلی : آپریشن کاویری کے تحت بحران سے متاثرہ سوڈان سے نکالے گئے 360 ہندوستانی شہریوں کو لے کر پہلا خصوصی طیارہ چہارشنبہ کی شام کو دہلی پہنچا۔ سوڈان کی فوج اور نیم فوجی دستے کے درمیان جنگ بندی ختم ہونے سے پہلے مرکزی سرکار لگاتار یہ کوشش کررہی ہے کہ تشدد سے متاثرہ افریقی ملک سے زیادہ سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جاسکے۔ دہلی ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد لوگوں نے ہندوستانی فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سوڈان سے لوٹے ایک ہندوستانی شہری نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے ہماری بہت حمایت کی۔ یہ بڑی بات ہے کہ ہم یہاں محفوظ طریقہ سے پہنچ گئے ہیں کیونکہ وہاں بہت خطرناک حالات ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ٹویٹر پر کہا کہ ہندوستان اپنے شہریوں کی محفوظ واپسی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ جدہ سے پہلی پرواز نئی دہلی پہنچ گئی ہے۔ آپریشن کاویری کے تحت 360 ہندوستانی شہریوں کو واپس لایا گیا ہے۔دراصل، ہندوستان نے سوڈان سے ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کی مہم ‘آپریشن کاویری’ کے تحت جدہ میں ایک ٹرانزٹ سہولت قائم کی ہے۔ ہندوستانی شہریوں کو سوڈان سے ڈی پورٹ کرنے کے بعد سعودی عرب کے اس شہر میں لایا جا رہا ہے۔ایک دیگر ہندوستانی شہری سریندر سنگھ یادو نے ایجنسی سے کہا کہ میں وہاں ایک آئی ٹی پروجیکٹ کیلئے گیا تھا اور وہیں پھنس گیا۔ سفارت خانہ ا ور سرکار نے بھی کافی مدد کی۔ جدہ میں تقریبا ایک ہزار لوگ موجود ہیں۔ سرکار تیزی سے لوگوں کو نکالنے کیلئے کام کررہی ہے۔