سوڈان سے 534ہندوستانیوں کو نکالا جا چکا

   

نئی دہلی: ہندوستان نے آپریشن کاویری کے تحت اب تک بحری جہازوں اور فضائیہ کے طیاروں کے ذریعہ تنازعات سے متاثرہ سوڈان سے اپنے 534 شہریوں کو نکالا ہے۔ 278 ہندوستانیوں کی پہلی کھیپ جدہ کیلئے روانہ ہوئی، جہاں آگے کے سفر کیلئے ایک ٹرانزٹ سہولت قائم کی گئی ہے ۔ 121اور 135ہندوستانیوں کے دو اور قافلوں کو منگل کی شام آئی این ایس سمیدھا پر جدہ کیلئے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔مملکتی وزیرخارجہ مرلیدھرن جدہ میں ہیں، جہاں سوڈان سے ہندوستانیوں کو نکالنے کی نگرانی کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ سوڈان میں موجود3000 ہندوستانیوں کو نکالنے کیلئے مزید پروازیں چلائی جائیں گی۔
سوڈان میں منگل کو معلنہ تین روزہ جنگ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آپریشن کاویری شروع کیا گیا۔ ہندوستان نے اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے آپریشن کاویری شروع کیا ہے۔
سوڈانی مسلح افواج اور حریف ریپڈ سپورٹ فورسز کے رہنماؤں نے منگل سے شروع ہونے والی لڑائی روکنے پر اتفاق کیا ہے ۔آر ایس ایف کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ‘اس جنگ بندی کا مقصد انسانی ہمدردی کی راہ قائم کرنا ہے تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کو ضروری وسائل، علاج معالجہ اور محفوظ علاقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے جبکہ سفارتی مشنز کا بھی انخلا کیا جائے ۔