سوڈان : عمر البشیر آج پھر عدالت کے کٹہرے میں

   

دبئی۔24 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) خرطوم میں معزول صدر عمر البشیرکے خلاف عدالتی کارروائی کے سلسلے میں آج ہفتے کے روز نئی سماعت کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ان پر غیر ملکی کرنسی رکھنے اور بدعنوانی کے علاوہ احتجاج کنندگان کے قتل پر اکسانے اور اس میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ استغاثہ البشیر سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی خواہاں ہے۔عمر البشیر کو جنہوں نے 30 برس تک سوڈان پر حکمرانی کی پیر کے روز سخت عسکری پہرے میں عدالت پہنچایا گیا۔ دوسری جانب خود مختار کونسل کے رکن محمد حسن التعایشی نے جمعے کے روز ایک سیمینار میں انکشاف کیا کہ عمر البشیر، ان کے بھائیوں اور ان کی بیویوں نے سوڈانی دارالحکومت کے نواحی علاقے خرطوم بحری کی 11% اراضی ہتھیا رکھی تھی۔ اس کے علاوہ ملکی صدارت کے پاس 200 ادارے تھے جن کا بجٹ ریاست کے انتظامی ادارے کے بجٹ کے برابر تھا۔