خرطوم 7نومبر (یو این آئی) سوڈان میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے امریکہ ، متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب اور مصر کی طرف سے مجوزہ ’’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی‘‘پر اتفاق کر لیا ہے ۔ آر ایس ایف کے ترجمان الفتح قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی کا مقصد جنگ کے تباہ کن انسانی نتائج سے نمٹنا اور شہریوں کے تحفظ کو بڑھاناہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاہدے پر عمل درآمد اور دشمنی کے خاتمے کے لیے فوری طور پر بات چیت شروع کرنے کے منتظر ہیں ۔ سوڈان کی فوج نے منگل کو کہا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی امریکی تجویز پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سلامتی اور دفاعی کونسل کے اجلاس کے بعد آر ایس ایف کے خلاف لڑائی جاری رکھے گی ۔
لیک ہوئی تفصیلات کے مطابق، مجوزہ منصوبے میں امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تین ماہ کی جنگ بندی شامل ہے ، جس کے بعد نو ماہ کا سیاسی عمل شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد ایک جامع معاہدہ اور پائیدار جنگ بندی کاحصول ہے ۔سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان جھڑپیں اپریل 2023 سے جاری ہیں، جن میں سوڈان کے اندر اور باہرہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔