خرطوم، 24 جولائی (یو این آئی) سوڈان کے مغربی صوبے کوردوفان کے النہود میں نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے حملے میں کم از کم 27 شہری ہلاک اور 43 دیگر زخمی ہوگئے ۔رضاکار گروپ سوڈانی نیٹ ورک ڈو نے ایک بیان میں کہا کہ آر ایس ایف نے چہارشنبہ کو النہود قصبے کے قریب واقع بریما راشد گاؤں پر حملہ کیا۔ RSF کے مسلح یونٹ نے نہتے شہریوں پر ان کے گھروں میں گھس کر خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنایا۔ حملے میں 27 شہری ہلاک اور 43 دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔ گروپ نے اس حملے کو گھناؤنا اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔آر ایس ایف نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔سوڈان اپریل 2023سے سوڈانی مسلح افواج (SAF) اور RSF کے درمیان تنازع کی لپیٹ میں ہے ۔ دونوں فریقوں کے درمیان تنازع میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔