جنیوا : اقوام متحدہ نے خبردار کیا کہ سوڈان کے مغربی دارفور کے علاقہ میں حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، جب کہ خواتین اور لڑکیوں کو اغوا کر کے غلاموں کی طرح رکھا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق سوڈانی فوج کے کمانڈر عبدالفتاح البرہان کی افواج اور لیفٹیننٹ جنرل محمد حمدان دقلو کی قیادت میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جنگ میں اپریل سے اب تک 9000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان الزبتھ تھروسیل نے کہا ہمیں دارفور میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے زیر کنٹرول علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کے اغوا اور ان کو غلامی کے مترادف غیر انسانی اور ذلت آمیز حالات میں رکھنے کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔ سوڈان میں جنگ کی وجہ سے 50 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوکر پناہ گزین ہوئے ہیں۔