سوڈان میں داخلہ، انصاف، صنعت اور اوقاف کے وزرا کی برطرفی

   

خرطوم: سوڈانی خودمختاری کونسل کے صدر عبدالفتاح البرہان نے داخلہ، انصاف، صنعت اور اوقاف کے وزرا کو برطرف کردیا۔ انہوں نے چاروں وزرا کی خدمات کو ختم کرنے کے عبوری کونسل کے فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے ایک فیصلہ جاری کیا۔کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے میں وزیر داخلہ خالد محی الدین، وزیر انصاف محمد الحلو، وزیر صنعت بتول عوض اور وزیر مذہبی امور و اوقاف عبد العاطی عباس کو برطرف کیا گیا ہے۔ بیان میں چار وزراء کی برطرفی کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
عبد الفتاح البرہان نے خلیل امرقل کو وزیر داخلہ، معاویہ خیر کو وزیر انصاف، محاسن یعقوب کو خاتون وزیر صنعت اور اسامہ احمد کو مذہبی امور اور اوقاف کا وزیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔البرہان نے 6 ریاستی گورنروں کی تقرری بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹیلی گرام پر عبوری خودمختاری کونسل کی طرف سے شائع بیان میں بتایا گیا کہ فیصلے میں الجزیرہ، کسلا، شمالی ریاست، مغربی کردفان، وسط دارفور اور جنوب دارفور کی ریاستوں کے گورنروں کو برطرف کیا گیا۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے چہارشنبہ کو کہا تھا کہ سوڈان میں سات ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری تنازع کا خاتمہ نظر نہیں آ رہا۔