سوڈان میں مسجد پر نیم فوجی حملے ،20 افراد شہید

   

خرطوم، 10 اکتوبر (یو این آئی) رضاکاروں اور عینی شاہدین نے بتایا کہ نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کی مغربی سوڈانی قصبے الفشر میں ایک مسجد پر گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 21 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ ایک رضاکار گروپ، ابو شوق کیمپ ایمرجنسی روم نے ایک بیان میں کہاکہ الفشر میں ابو شوق مسجد پر بدھ کی رات دیر گئے گولہ باری کی گئی، جس میں کم از کم 13 شہری ہلاک اور 21سے زیادہ زخمی ہوئے ۔گروپ نے کہا کہ درجنوں خاندانوں نے مسجد میں پناہ لی ہے جو حال ہی میں آر ایس ایف فورسز کی علاقے میں پیش قدمی کے بعد ابو شوق محلے سے فرار ہو گئے تھے ۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر امدادی ٹیمیں جمعرات کی صبح تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکیں۔ رضاکاروں نے ملبہ ہٹا کر 13 نعشیں اور متعدد زخمی نکالے ۔ سوڈان میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے الفشر میں حالیہ حملوں کی مذمت کی ہے ۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ او سی ایچ اے الفشر، شمالی دارفر میں حالیہ بار بار ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ چہارشنبہ اور جمعرات کو ریپڈ سپورٹ فورسز کی گولہ باری سے سعودی اسپتال اور ایک مسجد پر حملہ ہوا جہاں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے تھے ، جس سے کم از کم 20 شہری ہلاک ہوئے ، اقوام متحدہ کی ایجنسی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا۔ او سی ائچ اے نے کہا کہ شہریوں پر کبھی حملہ نہیں ہونا چاہیے ۔ آر ایس ایف نے ابھی تک مسجد پر گولہ باری پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ الفشر میں مئی 2024 سے سوڈانی مسلح افواج اور اتحادی گروپوں اور دوسری طرف آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور حالیہ دنوں میں لڑائی میں شدت آگئی ہے ۔