خرطوم : سوڈانی حکومت نے ملک میں جاری عوامی مظاہروں کی وجہ سے تین ریاستوں میں کرفیو کا اعلان کردیا۔غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق شمالی کورڈوفن کے گورنر نے شہر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔ شام کے 6 بجے کے بعد 12 گھنٹے پر مشتمل کرفیو نافذ ہوگا جس کا مقصد شہریوں کی جانوں اور املاک کا تحفظ کرنا ہے۔ جبکہ پرتشدد مظاہروں اور فسادات میں اضافے کے باعث 14 فروری تک اسکول بند رکھنے کی بھی ہدایات ہیں۔اس سے قبل بھی سوڈانی حکومت ملک میں جاری بدامنی پر کرفیو نافذ کرچکی ہے جس کی پاسداری مشتعل مظاہرین نے نہیں کی تھی اور سیکورٹی حکام اور مظاہرین کے درمیان وقتاً فوقتاً تصادم جاری ہے۔واضح رہے کہ حالیہ بدامنی کچھ مقامی اونٹ پالنے والوں اور مقامی لوگوں کے مابین ایک تنازعہ کا نتیجہ ہے جبکہ دوسری جانب حکومتی پالیسیوں سے بھی عوام نالاں رہی ہے۔ پچھلے تین دن سے سوڈان میں بڑے پیمانے پر بدامنی جاری ہے۔