سوڈان کی حکمراں عبوری فوجی کونسل عوام کی منتخبہ حکومت کو اقتدار سونپنے کو تیار

   

Ferty9 Clinic

خرطوم30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے فوجی حکمراں لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا ہے کہ عبوری فوجی کونسل عوام کی منتخب کسی بھی اتھارٹی ( حکومت) کو اقتدار سونپنے کو تیار ہے۔انھوں نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ ہم ایک نئے سوڈان کی تعمیر کا وعدہ کرتے ہیں اور ہرکسی سے مذاکرات کے لیے ہیں‘‘۔انھوں نے کہا:’’ سوڈانی عوام کے مطالبات کان دھرنا ہماری ذمے داری ہے۔ہم انقلاب کی تکمیل کے لیے سوڈانی عوام کے ساتھ ہیں اور ملک کے مستقبل کی تعمیر چاہتے ہیں‘‘۔دریں اثنا عبوری فوجی کونسل نے الگ سے ایک بیان میں کہا ہے کہ احتجاجی تحریک اتوار کو تشدد کے کسی بھی واقعے کی ذمے دار ہوگی۔کونسل کے مطابق ’’اس وقت ملک سنگین بحران سے دوچار ہے۔اگر (حزب اختلاف کے) مارچ میں کوئی بھی جان جاتی ہے تو اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی اس کا مکمل طور پر ذمے دار ہوگا‘‘۔حزب اختلاف کے گروپو ں اور احتجاجی تحریکوں پر مشتمل اس اتحاد نے اتوار کو خرطوم میں اپنے مطالبات کے حق میں ایک بڑی ریلی نکالنے کا اعلان کررکھا ہے۔وہ عبوری فوجی کونسل سے اقتدار فوری طور پر ایک سول حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔ احتجاجی تحریک کی 3 جون کو دارالحکومت میں وزارت دفاع کے باہر احتجاجی دھرنے کے شرکاء کے خلاف مسلح فورسز کے خونیں کریک ڈاؤن کے بعد عوام کو ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر لانے کی یہ پہلی بڑی کوشش ہے۔اْس کریک ڈاؤن میں کم سے کم ایک سو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔