خرطوم: سوڈان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے پر اتفاق کرتے ہوئے معاہدہ ابراہیم پر باضابطہ طور پر دستخط کر دیے ہیں۔دستخطوں کی یہ تقریب چہارشنبہ کو خرطوم میں امریکی سفارتخانے میں ہوئی۔امریکہ کے وزیرِ خزانہ اسٹیون منچن نے واشنگٹن کی جانب سے، جبکہ سوڈان کے وزیرِ انصاف نصر الدین عبدالباری نے خرطوم کی طرف سے اس معاہدے پر دستخط کیے۔دستخطوں کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نصر الدین عبد الباری نے کہا کہ سوڈان اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہے۔ سوڈان ان تعلقات کو اپنے اور خطے کے مفاد میں پروان چڑھائے گا۔انہوں نے کہا کہ خرطوم امریکی وزیرِ خزانہ کے اس تاریخی دورے کا بھی خیر مقدم کرتا ہے اور پر امید ہے کہ یہ دورہ سوڈان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔امریکہ کے وزیر خزانہ اسٹیون منچن نے بھی اپنے بیان میں امید ظاہر کی کہ معاہدہ ابراہیم پر دستخط سے اسرائیل اور سوڈان کے عوام کی زندگیوں پر شاندار اثرات مرتب ہوں گے۔ جب کہ وہ ثقافتی اور اقتصادی مواقع کے لیے مل کر کام کریں گے۔