سوڈان کے خرطوم میں ایل پی جی ٹینکر دھماکہ

,

   

۔23 افراد ہلاک ، 18 ہندوستانی شامل، 130 سے زائد افراد زخمی
خرطوم ۔ 4 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کی ایک سرامک فیکٹری میں ہوئے ا یل پی جی ٹینکر دھماکہ میں 23 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 18 ہندوستانی ہیں ۔ اس دھماکہ میں 130 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ ہندوستانی مشن نے یہ بات بتائی ۔ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے بہرج علاقہ میں سیلا سرامک فیکٹری میں ہوئے دھماکہ کے بعد 16 ہندوستانی لاپتہ ہوگئے ۔ تازہ اطلاعات کے مطابق 18 افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے ۔ تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بعض لاپتہ افراد کے مہلوکین کی فہرست میں ہونے کا اندیشہ ہے۔ تاہم ابھی وہ فہرست شناخت کیلئے حاصل نہیں ہوئی ہے۔ نعشوں کی شناخت مشکل ہے کیونکہ وہ بری طرح جھلس گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے نئی دہلی میں بتایا کہ 68 ہندوستانی فیکٹری میں کام کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے اس حادثہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ بعض ہندوستانی ورکرس کی جانیں اس حادثہ میں گئی ہیں۔ بعض ورکرس شدید طور پر زخمی ہیں۔ ہندوستانی سفارتخانہ کے نمائندے فوری مقام حادثہ پر پہنچ گئے ۔ سفارتخانہ کی جانب سے سوشیل میڈیا پر تازہ ترین اطلاعات فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ورکرس اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ان کی دعائیں ہیں۔ بعد ازاں ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے ہندوستانی ورکرس کی تفصیلی فہرست جاری کی گئی جس میں دواخانہ میں زیر علاج ، لاپتہ اور اس حادثہ میں بچ جانے والوں کی تفصیلات ہیں۔ فہرست کے مطابق 7 زخمی ورکرس کو علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے جبکہ 4 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ سوڈان حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گیاس ٹینکر میں دھماکہ سے صنعتی علاقہ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 23 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ فیکٹری میں سیفٹی کے آلات موجود نہیں تھے۔