خرطوم : سوڈان کے مغربی علاقے دارفور میں متحارب فورسز کے درمیان راکٹ حملوں میں 16 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔مقامی وکلاء یونین نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ جنوبی دارفور کے ریاستی دارالحکومت نیالامیں ’’فوج اور سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان راکٹ باری کے تبادلے میں 16 شہری ہلاک ہوئے ہیں‘‘۔ایک شخص ہمسایہ ریاست میں اسنائپر فائر سے ہلاک ہوا ہے۔پڑوسی ملک تشاد (چاڈ) کے قریب ریاست مغربی دارفور کے دارالحکومت ایل جینینا میں اسنائپرز مبیّنہ طور پر لڑائی شروع ہونے کے بعد سے چھتوں سے رہائشیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اوراس ریاست سے دسیوں ہزار رہائشی سرحد پار نقل مکانی کر چکے ہیں۔2000 کی دہائی کے اوائل میں پہلے ہی وحشیانہ تنازعات سے تباہ حال وسیع علاقے دارفور میں اپریل کے وسط میں سوڈان کے حریف جرنیلوں کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سے بدترین تشدد دیکھنے میں آیا ہے۔سوڈان میں متحارب فورسز کے درمیان یہ نئی لڑائی 15 اپریل کو دارالحکومت خرطوم سے شروع ہوئی تھی اور اسی ماہ کے آخر میں دارفور تک پھیل گئی تھی۔ سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان کی وفادار فورسز ان کے سابق نائب محمد حمدان دقلو کے زیرکمان نیم فوجی دستوں آر ایس ایف کے خلاف جنگ آزما ہیں۔آر ایس ایف کے مضبوط گڑھ دارفور میں لڑائی حال ہی میں ایل جینینا میں وحشیانہ جھڑپوں کے بعد نیالا کے ارد گرد مرکوز ہے جہاں اقوام متحدہ نے مظالم کی اطلاع دی تھی۔
