نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آئندہ چہارشنبہ کو سوڈان میں فوجی حکومت کے خلاف جاری مظاہروں کے موضوع پر ایک ملاقات کرنے والی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس بندکمرہ اجلاس کی درخواست سلامتی کونسل کے 15 میں سے 6 ارکان نے کی ہے۔ امریکہ، برطانیہ، فرانس، ناروے، آئرلینڈ اور البانیہ کی جانب سے سلامتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ وہ سوڈان میں تازہ پیش رفت پر غور کرے۔ دوسری جانب چین اور روس نے اس صورت حال کو سوڈان کا داخلی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بین الاقوامی امن کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں سوڈان میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔