نیویارک۔ ورلڈ نمبر ایک کھلاڑی یانک سنر اور ایگا سویٹیک مخالف انداز میں کامیابی کے ساتھ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخل ہوئے۔ ٹاپ سیڈڈ سنر نے امریکہ کے 14ویں سیڈ ٹومی پال کو 7-6(3) 7-6(5) 6-1 سے شکست دی۔ انہوں نے سست آغازکیا اور ٹائی بریکر میں پہلے دونوں سیٹ جیتے لیکن تیسرے سیٹ میں پال کوکوئی موقع نہیں دیا۔ یہاں کوارٹر فائنل میں سنرکا مقابلہ روس کے پانچویں سیڈ اور2021 کے چمپئن ڈینیل میدویدیف سے ہوگا جنہوں نے نونو بورجیس کو آسانی سے 6-0، 6-1، 6-3 سے شکست دی۔ پانچ بارکی گرانڈ سلام فاتح سویٹیک نے اپنے میچ میں 16 ویں سیڈ لیوڈمیلا سیمسونوا کو 6-4، 6-1 سے شکست دی۔ یہ دونوں کھلاڑی پہلے سیٹ میں ایک موقع پر 4-4 سے برابر تھی لیکن پھر اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لیے سویٹیک نے لگاتار سات گیمز جیتے۔ سویٹیک کا اگلا مقابلہ چھٹی سیڈ جیسیکا پیگولا سے ہوگا۔ امریکی کھلاڑی پیگولا نے ڈیانا شنائیڈر پر6-4، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔ وہ ساتویں بارکسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں۔