لندن: احمد رضا جلالی گزشتہ چھ برسوں سے ایران کی ایک جیل میں قید ہیں۔ انہیں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنا دی گئی تھی، جس پر اکیس مئی کو عمل درآمد کیا جائے گا۔ 50 سالہ احمد رضا اپنے کولیگز کے لیے ایک محترم فزیشیئن ہیں، جو آفات میں طبی امداد کے ماہر مانے جاتے ہیں۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے، جس میں ماہرین کی تعداد زیادہ نہیں ہے۔عالمی سطح پر ایسے ماہرین کی مانگ بھی بہت زیادہ ہے۔ویدا مھراننیا کے لیے وہ ایک محبت کرنے والے شوہر ہیں۔ ویدا اپنے شریک حیات کی جدائی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا روگ قرار دیتی ہیں۔ وہ اپنے دس سالہ بیٹے اور انیس سالہ بیٹی کے ساتھ سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہوم میں سکونت پذیر ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں ویدا نے کہا کہ یہ خیال ہی ان کے لیے ڈراؤنا خواب ہے کہ ان کے شوہر کو پھانسی دی جا رہی ہے۔