ماسکو : روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی ممالک سویڈن اور فن لینڈ نے ناٹو میں شمولیت اختیار کی تو خطے میں دفاعی اقدامات کے پیش نظر جوہری ہتھیار نصب کرنا پڑیں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روس کی سکیورٹی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میڈیاڈیف نے جمعرات کو کہا کہ اگر سویڈن اور فن لینڈ نے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (ناٹو) میں شمولیت اختیار کی تو اسے بحیرہ بالٹک میں اپنی بری، بحری اور فضائی افواج کو مضبوط کرنا پڑے گا۔خیال رہے کہ فن لینڈ اور سویڈن نے ناٹو اتحاد میں شامل ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ روس کے ہمسایہ ملک فن لینڈ کی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ’اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چند ہفتوں میں کریں گے۔‘دمتری میڈیاڈیف نے مزید کہا کہ ’بحیرہ بالٹک کو جوہری ہتھیاروں سے محفوظ رکھنے پر اب مزید بات نہیں ہوسکتی۔ توازن برقرار رکھنا ہوگا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’روس نے آج تک اس نوعیت کے اقدامات نہیں اٹھائے اور نہ ہی اٹھائے گا۔‘