اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) نے بدھ کو مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کے نسخے کو نذر آتش کئے جانے کے حالیہ واقعات کی مذمت کرنے کے لئے ووٹنگ کی۔ کئی ممالک نے اس قرارداد کی حمایت کرنے سے انکار کردیا ۔ ان ممالک نے اس کو اظہار رائے کی آزادی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ایسی قرارداد کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ مسلمانوں کی مقدس کتاب کی توہین کی مذمت کے باوجود اس ووٹنگ پر ممالک کے درمیان عام اتفاق رائے قائم نہیں ہوسکا ہے ۔ امریکہ اور یوروپ کے ممالک نے اس کی مخالفت کی دراصل عراقی پناہ گزین کے ذریعہ اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر قرآن پاک کے کچھ اوراق کو نذر آتش کرنے کے معاملہ پر پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے دیگر ممالک کی جانب سے یہ معاملہ اٹھایا گیا تھا ۔ اس واقعے پر پوری مسلم دنیا نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلیٰ ادارے نے مذہبی منافرت سے نمٹنے کیلئے او آئی سی کی قرارداد کی توثیق کی جس کے حق میں 28 ووٹ اور مخالفت میں 12 ووٹ پڑے جبکہ سات ووٹ غیر حاضر رہے۔