اسٹاک ہوم ۔ 16 اگست (ایجنسیز) سویڈن کے شہر اوری برو (Örebro) میں نمازِ جمعہ کے موقع پر ایک مسجد کے قریب اْس وقت فائرنگ کی گئی جب نمازی باہر نکل رہے تھے۔ میڈیا کے مطابق فائرنگ میں کم از کم تین افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق زخمیوں میں سے ایک شخص ہاسپٹل پہنچ کر دم توڑ گیا، جبکہ باقی دو کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک صرف دو افراد کو گولی لگنے کی تصدیق ہوئی ہے اور دونوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور تاحال گرفتار نہیں ہو سکا اور یہ بھی واضح نہیں کہ اس کا نشانہ مسجد تھی یا کوئی مخصوص شخص۔ علاقہ کو گھیرے میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے مسجد کے قریب نہ آنے کی اپیل کی گئی ہے۔