’سو سال کا مسئلہ سو دن میں حل نہیں ہو سکتا‘:مودی

   

روزگار میلہ کی افتتاحی تقریب سے وزیر اعظم کا ویڈیو خطاب
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے دھن تیرس کے دن یعنی 22 اکتوبر کو ملک کے نوجوانوں کے لیے روزگار میلے کا آغاز کیا ہے۔ مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر 10 لاکھ کارکنوں کے لیے بھرتی مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’بے روزگاری اور خود روزگاری کا 100 سال پرانا مسئلہ 100 دنوں میں حل نہیں ہو سکتا۔ روزگار میلہ حکومت کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔‘‘ پی ایم مودی نے کہا، حکومت مینوفیکچرنگ، سیاحتی شعبہ کی توسیع پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، کیونکہ یہ بہت سے روزگار پیدا کرتے ہیں۔پی ایم مودی نے کورونا کی وبا کے دوران ان کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران ایم ایس ایم ای سیکٹر کو مرکز کی 3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی مدد سے 1.5 کروڑ سے زیادہ ملازمتوں کا بحران ٹل گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تقریب کے دوران 75000 نئے تعینات ہونے والوں کو تقرری کے خطوط فراہم کئے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے ایک بیان کے مطابق، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کے مسلسل عزم کو پورا کرنے کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے۔ وزیر اعظم کی طرف سے، تمام وزارتیں اور محکمے منظورہ آسامیوں کے تئیں موجودہ مخلوعہ جائیدادوں کو پْر کرنے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہے ہیں۔