برلن : قانون نافذ کرنے والے بین الاقوامی اداروں کی مدد سے دنیا کے سو سے زائد ممالک میں آج منگل کے روز ہزاروں مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ عالمی سطح پر بیک وقت اور بہت مربوط انداز میں کی گئی اس کارروائی کا مقصد منظم جرائم کا خاتمہ تھا۔ اس دوران آٹھ سو سے زیادہ مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ جرمن حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران ملک میں ڈیڑھ سو سے زائد مقامات پر چھاپے مار کر ستّر سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کارروائی کے لیے امریکی، یورپی اور کئی دیگر ممالک کے منظم جرائم کے خلاف سرگرم قومی محکموں نے یوروپول سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کیا۔
