حیدرآباد ۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کے جاب میلہ پروگرامس کے ذریعہ 20 ہزار بیروزگاروں کو روزگار فراہم کیا گیا۔ یہ بات کمشنر سٹی پولیس مسٹر انجنی کمار نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں ملک پیٹ میں منعقدہ ایک جاب کنکسٹ پروگرام کو مخاطب کیا۔ ایسٹ زون پولیس کے ڈی سی پی جوائنٹ کمشنر رمیش ریڈی کی قیادت میں اس جاب میلہ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ عوام دوست پالیسیوں کے تحت پولیس کی جانب سے بیروزگار نوجوان نسل لڑکے اور لڑکیوں کو ملازمت کے بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 4 سال سے جاری ان کوششوں کے سبب 20 ہزار بیروزگار لڑکے اور لڑکیوں کو روزگار حاصل ہوا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے کہا کہ سٹی پولیس کے اس بڑے پروگرام میں ٹی ایم آئی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جاب میلہ میں 4 ہزار لڑکے لڑکیوں نے اپنا نام رجسٹرڈ کروایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک ہزار بیروزگاروں کو اس پروگرام میں روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس جاب میلہ میں 40 بڑی کمپنیاں جس میں آئی ٹی کے علاوہ تمام شعبوں سے وابستہ کمپنیاں ان کے ذمہ دار اور ایچ آر منیجرس بھی شریک تھے۔ انٹرویو کے بعد روزگار دیدیا جائے گا۔ اس موقع پر سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ع