سپریا سولے کی گاڑی پر بوتلیں پھینکی گئیں

   

مراٹھا ریزرویشن احتجاج ،جارنگے آج سے پانی بھی نہیں پئیں گے
ممبئی، 31 اگست (یو این آئی) مہاراشٹرا میں مراٹھا کرانتی مورچہ نے اتوار کو آزاد میدان پر شدید احتجاج کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ سپریا سولے کی گاڑی کا گھیراؤ کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سپریا سولے مراٹھا لیڈر منوج جارنگے پاٹل سے ملاقات کے بعد وہاں سے واپس جا رہی تھیں۔ کچھ دیر تک افراتفری کی کیفیت رہی اور مظاہرین نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود چند مظاہرین نے صلح کرانے اور گاڑی کو نکالنے کی کوشش کی، تاہم حالات بے قابو ہوتے دکھائی دیے ۔ اسی دوران مظاہرین کی جانب سے سولے کی گاڑی پر بوتلیں بھی پھینکی گئیں۔ منوج جارنگے پاٹل کی بھوک ہڑتال کا تیسرا دن تھا اور ان کی حالت تشویش ناک نظر آرہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق جارنگے پیر سے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے پانی پینا بھی بند کردیں گے۔ انہوں نے دس فیصد تحفظات کے مطالبہ کو تسلیم کرنے حکومت پر زور دیا ہے ۔