سپریم کورٹ سے جھٹکہ، کویتا کی آج ای ڈی کے سامنے حاضری

   

ایک دن قبل کویتا دہلی میں ، بی آر ایس کے حلقوں میں پھر تجسس، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سرگرم

حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) دہلی شراب اسکام کی تحقیقات میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو راحت دینے سے سپریم کورٹ نے انکار کردیا جس کے بعد 16 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے حاضر ہونا کویتا کیلئے لازمی ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ای ڈی کے عہدیدار دہلی شراب اسکام میں منی لانڈرنگ کے کیس میں آج چہارشنبہ کو کویتا کے سابق آڈیٹر جی بچی بابو اور شراب کے کاروباری ارون رامچندر پلئی سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ ان کے دیئے گئے بیان کی بنیاد پر 16 مارچ کو کویتا سے پوچھ تاچھ کرنے کے امکانات ہیں۔ ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کیلئے کویتا ایک دن قبل چہارشنبہ کو دہلی میں ہوں گی۔ سپریم کورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے انہوں نے دریافت کیا کہ کیا ای ڈی ایک خاتون کو پوچھ تاچھ کیلئے اپنے آفس طلب کرسکتی ہے؟ کویتا کے وکلا نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کویتا یا کہ ایک خاتون کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ لہذا انہوں نے ای ڈی کی نوٹس پر حکم التواء کی اپیل کی جس پر سپریم کورٹ نے راحت دینے سے انکار کردیا تاہم سپریم کورٹ نے اس کیس کی آئندہ سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی جس کے بعد 16 مارچ کو ای ڈی کے سامنے حاضر ہونا کویتا کیلئے لازمی ہوگیا ہے۔ ای ڈی کا سامنا کرنے کیلئے کویتا ایک دن قبل دہلی میں ہوں گی۔ دوسری طرف بی آر ایس پارٹی میں پھر ایک مرتبہ تجسس کی کیفیت دیکھی جارہی ہے۔ پارٹی کے قائدین جہاں بھی ملاقات کررہے ہیں سب کے سامنے نہیں مگر تنہائی میں اس مسئلہ پر بات چیت کررہے ہیں۔ ای ڈی بھی دہلی شراب اسکام معاملہ میں اپنی تحقیقات اور پوچھ تاچھ کے معاملہ میں تمام پہلوؤں کا گہرائی سے جائزہ لے رہی ہے۔ قانون کی مختلف دفعات کاموقع کے لحاظ سے استعمال کررہی ہے۔ چہارشنبہ کو جی بچی بابو اور ارون رامچندر پلئی سے علیحدہ علیحدہ اور دونوں کو ایک دوسرے کو سامنے بیٹھاکر پوچھ تاچھ کرنے کی اطلاعات ہے۔ شراب پالیسی کی تیاری، حیدرآباد اور دہلی کے ہوٹلوں میں منعقد ہوئے اجلاس، مسودہ پالیسی پہلے ملزمین کے سامنے کیسے پہنچی، 100 کروڑ روپے کی رشوت خوری، ثبوتوں کو مٹانے کے علاوہ دیگر امور پر ملزمین سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ ای ڈی کے عہدیداروں نے 28 فروری کو تہاڑ جیل میں بچی بابو سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے اہم معلومات حاصل کرچکے ہیں۔ کل کویتا کی پوچھ تاچھ میں ان دونوں ملزمین کے بیانات اہم ثابت ہونے کی امید کی جارہی ہے۔ ن
خواتین ریزرویشن بل کی منظوری تک جدوجہد کا عزم:کویتا
حیدرآباد15مارچ(یواین آئی) تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آرایس کی رکن قانون سازکونسل و بھارت جاگروتی تنظیم کی صدرکے کویتا نے الزام لگایاہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ناکام ہو چکی ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ خواتین ریزرویشن بل کو منظور کیا جائے ، انہوں نے واضح کیا کہ وہ خواتین ریزرویشن بل کی منظوری تک جدوجہد کو جاری رکھیں گی۔ دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین میں خواتین کو مساوی حقوق دیئے گئے ہیں، لیکن ان پر عمل نہیں ہو رہا ہے ۔ ہم خواتین کو ریزرویشن کے لیے بھارت جاگروتی جدوجہد کررہی ہے تاکہ خواتین کو برابری کا مقام ملے ۔