سرینگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عدالت عظمیٰ کے دفعہ 370 کی منسوخی کو برقرار رکھنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سلسلے میں جد وجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں مایوس ہوا ہوں لیکن دل شکن نہیں ہوا ہوں۔عدالت عظمیٰ نے پیر کو مرکزی حکومت کے دفعہ 370 کی منسوخی کے فیصلے کو بر قرار رکھا اور الیکشن کمیشن کو جموں وکشمیر میں 30 ستمبر 2024 تک اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کیلئے اقدام کرنے کی ہدایت دی اور انہوں نے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کیلئے فوری اقدام کرنے کی بھی ہدایت دی۔عمر عبداللہ نے عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا کہ میں مایوس لیکن دل شکن نہیں ہوا ہوں، ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔بی جے پی کو اس مقام تک پہنچنے کیلئے کئی دہائیاں لگ گئیں اور ہم اس طویل جد وجہد کیلئے تیار ہیںاور ہمیں یقین ہے کہ ہم دفعہ 370 کے حوالے سے ضرور کامیاب ہوں گے۔