کرناٹک کانگریس کو توقع، تمام سے فیصلے کو قبول کرنے کی اپیل
بنگلورو ۔ 9 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کانگریس نے اس توقع کا اظہار کیا کہ برسر اقتدار بی جے پی ایودھیا مقدمہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی فائدہ نہیں اٹھائے گی ۔ اس کا کہنا ہے کہ اس فیصلہ کو کسی پارٹی، کسی نظریہ یا تنظیم کی فتح یا کامیابی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے ۔ یہ کسی اور کا نہیں بلکہ عدالت کا فیصلہ ہے ۔ کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہر بات پر غور کر کے فیصلہ دیا ہے جس کا ہمیں احترام کرنا چاہئے ۔ بی جے پی کی جانب سے اس فیصلہ سے سیاسی فائدہ اٹھانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس پر کچھ کہنا نہیں چاہئے ۔ کوئی بھی سیاسی فائدہ یا کسی کو راغب کرنے کیلئے اس کا استعمال نہیں کرے گا اور یہی بہتر ہوگا۔سپریم کورٹ کے فیصلہ سے ہمارے ملک کے بنیادی اصولوں کا عکس ظاہر ہوتا ہے جس میں تمام مذاہب کو یکساں اہمیت اور سیکورازم کے اصولوں کا استحکام شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کئی دہائیوں سے جاری اس تنازعہ کا خاتمہ ہوگیا ۔ انہوں نے تمام سے امن کی برقراری ، بھائی چارہ اور ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ مایوس ہوئے بغیر تمام کو یہ فیصلہ قبول کرنا چاہئے کیونکہ یہ کسی فتح یا کسی کی شکست نہیں ہے۔