سپریم کورٹ فیصلہ کا مہاراشٹرا کی سیاست پر کوئی اثر نہیں ہوگا

   

Ferty9 Clinic

این سی پی قائدین کو امید، عوام سے امن و ہم آہنگی برقرارر کھنے کی اپیل

ممبئی ۔ 9 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پار ٹی نے ایودھیا مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور تمام سے اپیل کی ہے کہ وہ فیصلہ کا احترام کریں۔ پارٹی سربراہ شردپاور نے کہا کہ سپریم کورٹ بنچ کے متفقہ فیصلہ ملک کو درپیش سنگین مسائل کی یکسوئی میں مدد ملے گی ۔ سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ایک ٹرسٹ کے ذریعہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کردی اور ٹاؤن میں مسجد کی تعمیر کیلئے پانچ ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی رولنگ دی ۔ شرد پوار نے سماج کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم اور احترام کریں۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد بعض بی جے پی قائدین کی جانب سے ایودھیا میں مندر کا دورہ کرنے سے متعلق سوال پر شرد پوار نے کہا کہ یہ کسی کا انفرادی معاملہ اور پسند ہے کہ وہ مندر جائیں یا مسجد جائیں۔ اس پر تبصرہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کا احترام کیا ہے جو اچھی بات ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا مہاراشٹرا کی سیاست پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور یہاں تک کہ لوگ دو یا تین دنوں میں اس کو بھول جائیں گے۔ بیشتر عوام کیلئے یہ بڑا موضوع نہیں ہوسکتا۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس فیصلہ کے بعد ملک میں مذہب کے نام پر کوئی مسئلہ نہیں اٹھے گا۔ انہوں نے ملک میں امن و امان اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی عوام سے اپیل کی۔ ’’این سی پی مہاراشٹرا کے صدر جیئنت پاٹل نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کے عوام اس فیصلہ کا خیرمقدم کریں گے جس میں دونوں فرقوں کے عقائد کا احترام کیا گیا ہے اور گنگا جمنی تہذیب برقرار رہے گی۔