سپریم کورٹ فیصلہ کے بعد تلنگانہ میں ڈگری و پی جی امتحانات

   

14 ستمبر کو ایمسیٹ متوقع ، پاپی ریڈی صدر نشین تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کے امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ہی کیا جائے گا۔ مسٹر پاپی ریڈی صدرنشین تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیمات نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے امتحانات کے انعقاد کے معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی نے واضح کردیا ہے۔ مسٹر پاپی ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے امتحانات کے متعلق جو فیصلہ کیا ہے وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر منحصر ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ 14 اگسٹ کو سپریم کور ٹ میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں سماعت مقرر ہے اور اس سماعت کے دوران توقع ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ریاست دہلی اور مہاراشٹر سے طلب کئے گئے جواب کو دونوں ریاستوں کی جانب سے داخل کیا جائے گا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں جاری مقدمہ کے سلسلہ میں صدرنشین مسٹر پاپی ریڈی نے بتایا کہ ہائی کورٹ نے کسی بھی اہلیتی امتحان کو روکنے کے احکامات نہیں جاری کئے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ ریاست میں 14ستمبر کو ایمسٹ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دیگر اہلیتی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور ہائی کورٹ میں ان کے متعلق سماعت بھی زیر دوراں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں اہلیتی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں 31اگسٹ کو اعلامیہ کی اجرائی کے علاوہ 9’10 اور 11 ستمبر کو اہلیتی امتحانات عدالت کی اجازت کے ساتھ منعقد کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ ہجائی کورٹ کی جانب سے ان امتحانات کے انعقاد کی اجازت فراہم کر دی جائے گی۔ ملک میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات کے انعقاد کی طلبہ تنظیموں کی جانب سے شدید مخالفت کرتے ہوئے ان کو روکنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں زیر دوراں مقدمہ میں عدالت نے دہلی اور حکومت مہاراشٹر سے جواب طلب کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان حکومتوں کی جانب سے جواب داخل کئے جانے کے بعد ہی ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی جامعات میں زیر تعلیم گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے امتحانات کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ریاست میں طلبہ اپنے امتحانات بالخصوص گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے علاوہ ایمسٹ کے سلسلہ میں فکر مند ہیں لیکن اب تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیمات کی جانب سے اس سلسلہ میں وضاحت کی جانے لگی ہے۔