سپریم کورٹ فیصلے پر سب تحمل کا مظاہرکریں۔ ڈاکٹر عبدالسمیع بوبیرے

   

نئی دہلی، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بابری مسجد پر سپریم کورٹ فیصلہ کے تناظر میں سینئر صحافی اور سہیوگ کلچرل سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالسمیع بوبیرے نے امن و امان اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت تمام ہندوستانیوں خاص طور پر مسلمانوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے دانشور، ادیب، شاعر اور صحافیوں نے ہمیشہ ملک کے اتحاد اور قومی یکجہتی کیلئے کام کیا ہے۔ اس نازک وقت میں بھی وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ملک میں امن کے قیام اور امن برقرار رکھنے میں نہ صرف اہم کردار کریں گے بلکہ دوسروں کو بھی ترغیب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر شعراء ادبا، فنکاروں، اساتذہ، طلبہ وطالبات، علمائے کرام، سماجی کارکنوں اور صحافیوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ وطن عزیز میں امن و آشتی کا ماحول قائم کرنے کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں جب بھی ملک میں ماحول بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے ملک کے دانشورں نے اسے آگے بڑھ کر ناکام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کریں۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ ورانہ سوچ اور بدامنی سے ہمیشہ نقصان ہی پہنچا ہے۔ ڈاکٹر عبدالسمیع نے کہاکہ ملک کے اقلیتی فرقہ نے ہمیشہ برادرا ن وطن کے ساتھ کاندھا سے کاندھا ملاکر ہر دور میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ یگانگت کا مظاہرہ کیا ہے اور ہر دور میں ہمیشہ اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی لئے پوری دنیا میں ہندوستان اور ہندوستانیوں کو تحسین کی نظر دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جہاں فریقین کو تسلیم کرنا چاہئے وہیں سماج کے دونوں مذاہب ماننے والوں کو اس کا احترام کرنا چاہئے۔