سپریم کورٹ میں آج بچوں کے تحفظ کے گھر کی صورتحال پرسماعت

   

نئی دہلی ۔ 2 ۔اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کورونا وائرس ‘کوویڈ 19’ کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے پیش نظر جمعہ کو ملک بھر میں بچوں کے تحفظ کے گھروں کی صورت حال پر سماعت کرے گا۔عدالت عظمیٰ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے جمعرات کوایک مقدمہ دائر کیا جس پر سماعت کل ہوگی۔جسٹس ایل ناگیشورا راؤ اور جسٹس دیپک گپتا پر مشتمل ڈویژن بنچ اس پرسماعت کرے گی ۔واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے کورونا کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے پیش نظر جیلوں میں قید قیدیوں کی صورتحال کا از خود نوٹس لیا تھا اور ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو ہدایت دی تھی کہ قیدیوں کو سات سال سے کم کی سزاؤں والے معاملوں میں قیدیوں کو عبوری ضمانت یا پیرول پر رہا کرنے پر غور کریں۔سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر اسکولوں کے بند ہونے کی وجہ سے بچوں کو دوپہر کے کھانے کی فراہمی نہ کرنے کے معاملے پربھی از خود نوٹس لیا ہے ۔