حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات سے متعلق تلنگانہ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے ایس ایل پی (اسپیشل لیو پٹیشن) پر کل مباحث ہوں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات فراہم کیا اور اس کیلئے خصوصی جی او 9 بھی جاری کیا گیا جس پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکم التواء عائد کردیا جس کی وجہ سے مقامی اداروں کے انتخابات کو ملتوی کردیا گیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں ایس ایل پی داخل کی تھی جس پر جمعرات کو سماعت ہوگی۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل کئے گئے ایس ایل پی کو سپریم کورٹ کے رجسٹری میں لسٹ کیا گیا ہے۔ کل سپریم کورٹ کی بنچ کے سامنے سماعت ہوگی۔ تحفظات 50 فیصد سے زائد ہوجانے کے خلاف داخل کی گئی درخواست پر ہائی کورٹ نے جی او پر حکم التواء جاری کیا تھا۔ سپریم کورٹ پر تلنگانہ عوام کی نظر ٹکی ہوئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں کیا فیصلہ کریں گے ، ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں بھی اس پر تجسس ہے ۔2