نئی دہلی: سپریم کورٹ سبری ملا اور رافیل سودا معاملوں میں دائر نظر ثانی درخواستوں پر آج کو فیصلہ سنائے گا۔سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر چہارشنبہ کو دو الگ الگ نوٹس جاری کرکے دونوں معاملات کو فیصلہ کے لئے کل درج کئے جانے کی اطلاع دی گئی ہے ۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ سبری مالا مندر میں خواتین کی رسائی کی اجازت کے حکم کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست پر فیصلہ سنائے گی۔ آئینی بنچ میں جسٹس گوگوئی کے علاوہ جسٹس روھنگٹن فلی نریمن، جسٹس اے ایم کھانولکر، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس اندو ملہوترا شامل ہیں۔چیف جسٹس کی قیادت والی تین رکنی بنچ رافیل لڑاکا طیارہ معاہدہ معاملہ کی آزادانہ تحقیقات نہ کرائے جانے کے فیصلہ کے خلاف سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا اور دیگر کی نظر ثانی کی درخواست پر فیصلہ دے گی۔