حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے سابق صدر محمد اظہر الدین کو سپریم کورٹ میں کوئی راحت نہیں ملی۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی ووٹر لسٹ سے نام خارج کرنے پر اظہر الدین نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ انہیں حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ رائے دہندوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے اور اس مرحلہ پر سپریم کورٹ مداخلت کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ عدالت نے سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کردہ ایک رکنی کمیٹی کی جانب سے الیکشن کے تمام انتظامات کی تکمیل کا حوالہ دیا۔ اظہر الدین کے وکیل کے دلائل سے سپریم کورٹ نے اتفاق نہیں کیا اور آئندہ سماعت 31 اکٹوبر کو مقرر کی۔